ان کا کوئی کاروبار نہیں پھر بھی جہازوں میں گھومتے ہیں :وزیر اطلاعات ، عمران نے ملک دشمنی کو نیا موڑ دیا :زعیم قادری
لاہور (یس اُردو) وزراء کا کہنا ہے کہ عمران خان کی تقریر میں نئی بات نہیں تھی ، پہلے ہسپتال کی رقم سے سرمایہ کاری کا حساب دیں ، کپتان کی کسی بات میں ربط نہیں ، پہلے شعیب سڈل اب چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کا کہہ رہے ہیں ، حکومت کا جوابی وار ، کپتان کے خطاب کو مایوس کن قرار دیدیا ۔ اپنے ردعمل میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کوئی کاروبار نہیں پھر بھی جہازوں میں گھومتے ہیں ، الیکشن کمیشن کو چندوں کا حساب دیں ۔ خواجہ آصف نے ہسپتال کی رقم سے آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ، کہتے ہیں احتساب بلا امتیاز ہونا چاہئیے ، عمران خان آمدنی کے ذرائع واضح کریں ۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کپتان نے بے ربط باتیں کیں ، پہلے شعیب سڈل اب چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کا مطالبہ کر دیا ۔ ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری کہتے ہیں عمران خان نے ملک دشمنی کو نیا موڑ دیا ، انہیں ادھورے خوابوں سے باہر نکل آنا چاہئیے ۔