لاہور (ویب ڈیسک) دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے دو چینی کمپنیوں چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور ہینن ڈی آر کنسٹرکشن گروپ کے12 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور ہینن ڈی آر کنسٹرکشن گروپ کے وفود نے زراعت اور ہاﺅسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ چینی وفد کے حکام نے وزیراعلیٰ سے ملاقات میں کہا کہ بنجر اراضی کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی مقاصد کے قابل بنانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے اورکم لاگت کے گھرو ں کی تعمیر کے منصوبے کیلئے چین کی ٹیکنالوجی بھی پنجاب میں منتقل کریں گے۔ ہم پنجاب میں ہاﺅسنگ انڈسٹریل پارک کا منصوبہ لگانا چاہتے ہیں اوراس ضمن میں تمام سرمایہ کاری چینی گروپ کریںگے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے زبردست سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ چین کے سرمایہ کاروں کو زراعت اور ہاﺅسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کے اظہار کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔ ہاﺅسنگ کے شعبوں میں بہت پوٹینشل موجود ہے۔ زرعی شعبہ پنجاب کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی شعبہ کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ دونوں کمپنیوں کے وفود نے اس یقین کا اظہار کیا کہ عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف کی حکومت میں پاکستان دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گا ۔