کراچی (یس ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سائٹ کے علاقے میں فیکٹری میں لگنے والی آگ اور اس سے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے مطالبہ کیاکہ فائر بریگیڈ کو اس قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جدید فائر ٹینڈرز اور جدید آلات سے لیس کیا جائے۔ الطاف حسین نے کہا کہ سائٹ کی اس فیکٹری میں لگنے والی آگ کوکئی گھنٹے گزر چکے ہیں لیکن تاحال اس آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔ الطاف حسین نے پاکستان نیوی اور دیگر عسکری اداروں کے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ماہرین کو ہدایت کریں کہ وہ آگ بجھانے کیلئے مطلوبہ جدید سائنٹفک آلات لیکر فوری طور پر آگ سے متاثرہ فیکٹر ی پہنچیں
آگ بجھانے کیلئے اپنی خدمات پیش کریں اور اس ہولناک آگ پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس سلسلے میں فوری کارروائی نہیں کی گئی تو کہیں ایسانہ ہوکہ فیکٹری میں بھڑکنے والی یہ آگ دیگر فیکٹریوں اور علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے۔ الطا ف حسین نے سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے کہاکہ وہ اس ہولناک آگ بجھانے کے سلسلے میں کی جانے والی کارروائی کی مسلسل مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے ہولناک آگ پر قابو پانے کیلئے کئی گھنٹوں سے جرات وہمت کے ساتھ نبردآزما فائر بریگیڈ کے عملے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔