کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی پاکستان اور لندن میں موجود رابطہ کمیٹیوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز الطاف حسین نے اپنے بیان عسکری قیادت پر کوئی تنقید نہیں کی بلکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے اقدامات کی حمایت ا ور تعریف کی۔
ایم کیو ایم کی پاکستان اور لندن میں موجود رابطہ کمیٹیوں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں الطاف حسین کے پاک فوج کے حوالے سے بیان کی وضاحت میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین کی جانب سے فوج کو ’عوامی سیلوٹ‘ فوجی مورال بڑھانے کا سبب تو ہو سکتا ہے نفرت پھیلانے کا سبب ہر گز نہیں ہو سکتا، الطاف حسین نے اپنے بے شمار عوامی خطابات میں پاک فوج اور اس کے سربراہ راحیل شریف کے اقدامات کی تائید وحمایت اور تعریف کی۔
رابطہ کمیٹیوں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین نے کہا کہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے، ضرب عضب کے ساتھ ساتھ ملکی دولت لوٹنے والوں، قرضے ہڑپ کرنے والے چور ڈاکوؤں اور لیٹروں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے لندن سے اپنے کارکنوں سے خطاب میں پاک آرمی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کی ڈی جی آئی ایس پی آر نے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔