اسلام آباد( ایس ایم حسنین) سینئر صحافی حامد میر نے دعوی کیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا متبادل تیار ہوگیا ہے۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ن لیگ کے اندر بہت زیادہ تشویش اور بے چینی ہے۔پی ٹی آئی کے جنوبی پنجاب اور کراچی کے ایم این ایز بہت ناراض ہیں۔ عامر ڈوگر نے منت سماجت کرکے بجٹ سیشن گزارا لیکن آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کے لیے بہت مشکل ہوگی۔حامد میر نے مزید کہا کہ عثمان بزدار اس وقت تک وزیراعلی رہیں گے جب تک انہیں پرویزالہی کی حمایت حاصل ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ میری اطلاع کے مطابق عثمان بزدار کا متبادل تیار ہوگیا ہے۔جس روز اشارہ ہوا اسے عمران خان کے ساتھ چوہدری برادران اور ہوسکتا ہے نون لیگ اور پیپلزپارٹی والے بھی سپورٹ کریں۔ ۔ خیال رہے کہ عوام ہو یا میڈیا، ہر کوئی عثمان بزدار کی کارکردگی سے خاص خوش نظر نہیں آتا۔ اسی حوالے سے گزشتہ روز اینکر و تجزیہ نگار عامر متین کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ ہ فی الوقت عثمان بزدار کو وزارت اعلی سے نہیں ہٹایا جا رہا۔ وہ کتنا عرصہ وزیراعلی رہیں گے اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔تاہم کچھ ہی دنوں میں کابینہ میں تبدیلی ضرور کی جائے گی۔ اگلے دس دن میں ہم پنجاب کی کابینہ میں اہم تبدیلی دیکھیں گے۔ایک اہم وزارت ہے جن کی ذمہ داریاں کم کی جاسکتی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے تین وزراء سے ملاقات کی۔۔اس دوران انہوں نے کابینہ کے حوالے سے کئی اہم باتیں دریافت کیں۔ مزید کہا گیا تھا کہ عثمان بزدار کو فی الحال نہیں ہٹایا جا رہا تاہم ان کے متبادل کچھ نام سامنے آئے ہیں،جن میں اسلم اقبال کا نام شامل ہیں،کہا جا رہا ہے کہ انہیں پنجاب کا وزیراعلی بنایا جائے گا۔علاوہ ازیں خسرو بختیار کے بھائی کے متعلق بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ ڈیلیور کریں گے۔محسن لغاری کا نام بھی سامنے آ رہا ہے انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی۔