اسلام آباد(ایس ایم حسنین) افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے اتوار کے روز افغان ڈپٹی وزیرخارجہ میرواعظ ناب سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر پاک افغان تعلقات کے حوالے سے حالیہ پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سفیر منصور احمد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ افغان ڈپٹی وزیرخارجہ سے دوطرفہ تعلقات میں مزید مضبوطی اور باہمی مفاد کے اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغان نائب وزیر خارجہ نے سفیر منصور احمد خان کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ افغانستان کی حکومت کیلئے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون اور امن مذاکرات کے لئے پاکستان کی حمایت اہم ہے اور امید ہے کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے افغانستان ، پاکستان خطے میں استحکام اور سلامتی دیکھیں گے۔ ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعاون ، امن عمل کی حمایت ، استنبول پروسیس کے “ہارٹ آف ایشیا” ممالک کے وزرائے خارجہ کے نویں اجلاس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا ، جوکہ جمہوریہ تاجکستان کی میزبانی میں مستقبل قریب میں ہونے جارہا ہے۔ بات چیت کے دوران سفیر پاکستان نے “ہارٹ آف ایشیاء” استنبول عمل کے سابقہ اجلاسوں میں مختلف شعبوں میں کابل اور اسلام آباد کے مابین تعاون کی اہمیت اور پاکستان کے فعال کردار پر روشنی ڈالی ،سفیر منصور احمد خان نے افغان نائب وزیرخارجہ کو بتایا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا باضابطہ دعوت نامہ وصول ہونے کے بعد سفارتخانہ افغان وزارت خارجہ کے ساتھ اپنی ضروری تیاریوں کا اشتراک کرے گا۔
Called on Afghan Deputy Foreign Minister H.E. Mirwais Nab today and discussed matters of mutual interest for strengthening bilateral ties.