اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان اور عراق کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے عراق کے سفیرحامد عباس لافتا نے وزارت دفاعی پیداوار مےں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے عراقی عوام کےلئے پاکستان کی جانب سے امن اور خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عراقی سفیرنے علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عراقی حکومت اور عوام کو پاکستان اور اس کے عوام پر اعتماد ہے اوربا ہم دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔وفاقی وزیر دفاعی پیداوار نے سفیر کوآگاہ کیا کہ دفاعی پیداوار کے میدان میں باہمی تجربات کے اشراک سے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے علاقائی سلامتی کیلئے مستحکم عنصر کے طور پر پاکستان کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے علاقائی تعاون ناگزیر ہے۔