اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان اور اٹلی کے درمیان ٹیکسٹائل کی صنعت میں شراکت داری اور تعاون جاری ہے اس کے علاوہ ماحول دوست معیشت کے شعبہ میں اٹلی پاکستان کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ، گردشی معیشت، وسائل کی بچت وانتظام وانصرام، ایکوسسٹم کے تحفظ، پانی کے تحفظ اورقدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبہ جات میں تعاون کرنا چاہتا ہے۔ یہ بات پاکستان میں اٹلی کے سفیراندریاس فیراریز نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہی۔ انھوں نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارتی تعلقات کے نئے دور کے آغاز کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ماحول دوست معیشت، ٹیکسٹائل کی صنعت کیلئے ٹیکنالوجی کی منتقلی، زراعت پرمبنی صنعت، تعمیرات، صحت اورتعلیم ایسے شعبہ جات ہیں جہاں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کوفروغ دیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اٹلی نے فیصل آباد کی نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں اٹلی پاکستان ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی سیٹرقائم کیاہے۔ جس کامقصدٹیکسٹائل کی مقامی صنعت کوجدید بناناہے،اس سینٹرمیں اٹلی کی ٹیکسٹائل کی صنعت میں استعمال ہونے والی مشینری رکھی گئی ہے، یہ سینٹرحال ہی میں قایم کیاگیاہے۔ اس سینٹرکے قیام میں اٹلی کی حکومت نے مالی معاونت فراہم کی ہے۔اطالوی سفیرنے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تجارت اورمعیشت کے شعبوں میں رابطے بڑھانے کیلئے نیا اقتصادی مشن تعینات کیا جارہاہے، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ معیشت کے مختلف شعبوں میں تجارت بڑھانے کی وسیع استعدادموجود ہے۔نیامشن کراچی اوراسلام آبادمیں قایم ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو آئندہ تین برسوں میں 5 ارب ڈالرسالانہ تک بڑھانے کی استعدادموجود ہے، اس وقت دونوں ممالک کے درمیان سالانہ دوطرفہ تجارت کاحجم 1.7 ارب ڈالرکے لگ بھگ ہے۔مالی سال 2020 میں اٹلی کوپاکستانی برآمدات کاحجم 731 ملین ڈالررہاہے، پاکستان زیادہ ترٹیکسٹائل، لیدر، چاؤل، ایتھانول، کپڑے، کاٹن، سیرئیل، بیوریجزاورجوتے برآمدکررہاہے، گزشتہ مالی سال میں پاکستان نے اٹلی سے 521 ملین ڈالرکی درآمدات کیں جن میں جہاز، کشتیاں، مشینری، فارمامصنوعات، ائیرکرافٹ، سپیس کرافٹ، الیکٹرانک آلات، نامیاتی مرکبات، آئرن وسٹیل سرفہرست ہے، اس وقت اٹلی ٹیکسٹائل، لیدر اورماربل کے شعبوں میں پاکستان کوتکنیکی معاونت فراہم کررہاہے، ڈیری ولائیوسٹاک، زیتون، پلاسٹک، پراسیسڈخوراک اورتعمیرات ایسے شعبہ جات ہیں جہاں اٹلی پاکستان کوتکنیکی معاونت فراہم کرسکتاہے۔اطالوی سفیرنے کہاکہ پاک اٹلی مشترکہ اقتصادی کمیشن دوطرفہ تجارتی اوراقتصادی معاہدوں کا فورم ہے جس کااجلاس جاری سال کی آخری سہ ماہی میں روم میں متوقع ہے۔انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کے ممالک میں پاکستان کے ساتھ تجارت میں اٹلی کاحصہ 10 فیصد ہے اس کے علاوہ اٹلی میں پاکستانی کمیونٹی ملک کوترسیلات زرفراہم کرنے کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اطالوی سفارت خانہ کی نئی عمارت مکمل ہوگئی ہے اورجلد ہی وہاں سفارتخانہ منتقل کیاجائیگا۔
AMBASSADOR, OF, ITALY, IN, PAKISTAY, DESCRIBES, IMPORTANCE, OF, TEXTILE, FUTURE, IN, PAKISTAN,