پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور فرانس کے درمیان موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کیلئے فرانسیسی پارلیمان، تاجران، طلبا اور ثقافتی وفود کے باقاعدہ تبادلوں کو ممکن بنایا جاسکے۔
ان خیالات کا اظہارآج سفیر پاکستان جناب معین الحق نے مسٹر پیری بیڈر ضلع ویوی لائنز کے جنرل کونسل کے صدر سے پیرس کے نواحی علاقے ورسائی شہر میں اپنی ایک ملاقات کے دوران کیا۔ اس ملاقات کے دوران فرانسیسی قومی اسمبلی میں پاکستان فرانس دوستی گروپ کے نائب صدر جناب فرانسوا پپونی بھی موجود تھے۔سفیر پاکستان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے رواں سال دسمبر میں فرانسیسی قومی اسمبلی کا پانچ رکنی اور فرانسیسی ایوان بالا کا تین رکنی وفد پاکستان کا الگ الگ دورہ کر ے گا۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ فرانسیسی کمپنیاں بڑی تعداد میں پاکستان کے 207 ملین افراد پر مشتمل مضبوط مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان میں ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری کرنے کیلئے سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں۔ انہوں نے فرانسیسی کمپنی رینالٹ کی طرف سے کراچی میں 2018 میں جدید ترین کار پلانٹ لگانے کے اعلان پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے پاکستان اور فرانس کے درمیان ہونے والی تجارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت 2016 میں 1.4 بلین ڈالر کی حد عبور کر چکی ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ آنے والے سالوں میں دوطرفہ تجارت میں تیزی لانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان موجود تجارتی صلاحیت سے پورا فائدہ اٹھایا جا سکے۔ سفیر پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان آرٹ، سائنس، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں پر کئی سالوں پرمحیط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 میں دونوں ملک پاکستان میں فرانسیسی آثار قدیمہ کے مشن کے 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور اس سلسلے میں فرانس کے میوزیم گیمے میں خصوصی پروگرام بھی تشکیل دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر جناب پیری بیڈز پریزیڈنٹ آف جنرل کونسل نے یووی لائنز ضلع کی تعمیر اور خوشحالی کو ممکن بنانے کیلئے پاکستان کمیونٹی کی شاندار اندار میں تعریف کی۔ انہو ں نے دونوں ملکوں کے درمیان آرٹ تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور گیا۔