راولپنڈی (اصغر علی مبارک)غیر ملکی سفراءکے ایک وفد نے گذشتہ روز بارانی زرعی تحقیقاتی انسٹی ٹیوٹ (باری )چکوال کا دورہ کیا اور خطہ ءپوٹھوہار کو وادی زیتون قرار دینے کی کوششوں کو سراہا ۔تفصیلات کے مطابق کینیا ،مراکش ،سوڈان، نائیجیریا ،موریشس اور تیونس کے سفیروں نے خصوصی طور پر بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ (باری )چکوال کا دورہ کیا ۔اس موقع پربارانی زرعی تحقیقاتی انسٹی ٹیوٹ (باری )چکوال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد طارق نے وفد کو ادارے کے جاری پراجیکٹس خصوصاً خطہ پوٹھوہار کو وادی زیتون بنانے کے اقدامات اور پانچ برس میں زیتون کے کاشتکاروں کو 20لاکھ پودوں کی مفت فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی ۔انہوں نے وفد کو بتایاکہ بارانی زرعی تحقیقاتی انسٹی ٹیوٹ (باری )چکوال میں زیتون کی مفت پروسیسنگ سمیت کاشتکاروں کو فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات اور سبسڈیز کے بارے میں آگاہ کیا ۔غیر ملکی سفراءنے محکمہ زراعت کی جانب سے وادی زیتون کے قیام کے اقدامات کو سراہا ۔اس موقع پر وفد نے بارانی علاقہ جات میں پانی کے ذخیرہ اور واٹر ہارویسٹنگ ٹیکنالوجی میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف ٹیکنالوجی سائٹس کا دورہ بھی کیا ۔غیر ملکی سفراءنے بارانی علاقہ جات میں زرعی خودکفالت میں خواتین اور نوجوانوں کی عملی شمولیت کے اقدامات کو بھی سراہا اور اسے خوش آئند قرار دیا ۔اس موقع پر غیر ملکی سفراءخصوصاً تیونس اور مراکش کے سفیروں نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے بارانی زرعی تحقیقاتی انسٹی ٹیوٹ (باری )چکوال کے ساتھ زیتون کے پیداواری شعبہ میں تعاون کا عندیہ دیا