ن لیگ وہ جماعت ہے جہاں خواتین کارکنوں کا احترام کیا جاتا ہے ، عائشہ گلالئی کو ن لیگ میں کوئی تکلیف نہیں ہوگی :رہنما مسلم لیگ ن کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے عائشہ گلالئی کو ن لیگ میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ میں خواتین کا احترام کیا جاتا ہے ۔ اپنے رد عمل میں امیر مقام نے تحریک انصاف میں خواتین کے ساتھ روا رکھے گئے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن میں خواتین کی مکمل عزت کی جاتی ہے ،عائشہ گلالئی جیسی خواتین کو مسلم لیگ ن میں کوئی تکلیف نہیں ہوگی۔
اس سے قبل گزشتہ روز عائشہ گلالئی نے ایک دھواں دھار پریس کانفرنس کے دوران عمران خان پر الزامات عائد کئے تھے ، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہاتھوں کسی خاتون کی عزت کا خیال نہیں، وہ اپنے موبائل سے پارٹی کارکن خواتین کو اتنے نازیبا اور واہیات پیغامات ارسال کرتے ہیں کہ اس کی تفصیل بتانے کی بھی ان میں ہمت نہیں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے متعدد بار پارٹی کارکن خواتین کے حوالے سے ایسے رویئے کا مظاہرہ کیا تھا جس کو سامنے لایا نہیں جاسکتا ، نہ وہ ان کو کسی کے ساتھ شیئر کرسکتی ہیں ۔ عائشہ گلالئی کی پریس کانفرنس کے جواب میں تحریک انصاف کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے بھی ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا تھا جس میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ عمران خان نے کبھی کسی پارٹی کارکن کے ساتھ غیر مناسب سلوک نہیں کیا ، نہ تو انہوں نے کبھی ایسا اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے اور نہ کبھی کسی اور کارکن نے ایسی شکایت کی ہے۔