مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہم ایک پیج پر ہیں، اقتصادی راہداری پر وزیر اعظم نے تحفظات دور کر دئیے ہیں۔
کوئٹہ: (یس اُردو) جمعیت علماء اسلام ف اور نظریاتی کے انضمام کے موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں اور وزیر اعظم پاکستان نے اقتصادی راہداری پر ہمارے تحفظات دور کر دئیے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ضرب عضب آپریشن آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، دہشت گردی کے خلاف سیاسی و عسکری قیادت کے ایک پیج پر ہے، انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ملک میں امن کی خواہاں ہے تاہم مدارس کو ختم کرنا یا کم از کم کرنا اچھا اقدام نہیں ہے۔دوسری جانب سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف اور نظریاتی کے انضمام سے آئندہ الیکشن میں جمعیت کی پوزیشن مستحکم ہو گی جو صوبے کی بڑی مذہبی جماعت بن کر ابھرے گی۔دوسری جانب خواتین کے تحفظ کے بل پر مولانا فضل الرحمان نے بھی دلچسپ تبصرہ کیا ہے، کہتے ہیں بل میں شوہر کو بیو ی اور بیوی کو شوہر کہنے کی ترمیم کر لی جائے، وہ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔