تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا 25 ارب روپے کے لیے ذلیل کر رہا ہے، اسحاق ڈارکے بیٹے کے 2 ٹاور25 ارب کے ہیں،نواز شریف تین سو ارب ملک سے باہر لے گئے۔
بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے وکی لیکس کا حوالہ دے کر کہا شریف برادران نے تیسری باری حاصل کرنے کے لیے امریکا کی منتیں کیں ، نواز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے خود کہہ دیا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوتی ہے، نگراں حکومت اور آر اوز نے مل کر 2013 کے الیکشن میں دھاندلی کی۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف پاکستان کا سب سے بڑا ڈرامے باز ہے، شریف برادران نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ تیسری باری دلوادیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں جبکہ ملک کے سیاسی رہنما خود ہی ملک کوبدنام کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف اور شہبازشریف نے سعودی عرب کو کہا کہ وہ فوج یمن بھیجنا چاہ رہے تھے مگر راحیل شریف نہیں مانے۔عمران خان کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ نے انتہا پسند گروپوں کو پالا ہوا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف ہر روز نئی ہیٹ پہنتا ہے، یہ امریکیوں کوخوش کرنے کے لیے کرتا ہے۔گزشتہ دور میں اس نے امریکا سے حکومت بحال کروانے کی درخواست بھی کی تھی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پاک فضائیہ کے پہلے مقامی سربراہ سابق ایئرچیف مارشل اصغر خان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصغر خان ایماندار، صادق اور امین تھے۔ ان کا کہنا تھا ‘مجھے خوشی ہوئی تھی کہ اصغرخان نے اپنی پارٹی پی ٹی آئی میں ضم کی تھی اور انہوں نے انتخابات میں دھاندلی پر بڑی جدوجہد کی۔