اسلام آباد: امریکی قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ہربرٹ ریمنڈ میک ماسٹر نے لاہور دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار اورامریکی قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ہربرٹ ریمنڈ میک ماسٹر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، اس موقع پر وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے سول وعسکری قیادت پاکستان کی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال ہونے کی اجا زت نہیں دیگی۔ وزیر اعظم نوازشریف کی قیادت اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید با جوہ اور مسلح افواج کے تعاون سے پاکستان دہشت گر دی کی لعنت کوشکست دینے کا عزم رکھتا ہے۔ وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو طر فہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پردونوں رہنماؤں کے درمیان اپریل2017 میں واشنگٹن میں ہونے والی ملا قات اور طے پانے والے امور بھی زیر بحث آئے۔