واشنگٹن (یس اردو نیوز)امریکہ نے شمالی کوریا کے جارحانہ اقدامات کے پیش نظر اپنا جنگی بحری بیڑا جزیرہ نما کوریا کی جانب روانہ کردیا جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافے کے خدشات بڑھ گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے میزائل پروگرام پر خدشات میں اضافے کے باعث امریکی فوج نے بحریہ کے سٹرائیک گروپ کو کوریائی خطے کے جانب پیش رفت کا حکم جاری کیا ہے۔کارل ونسن سٹرائیک گروپ نامی بحری بیڑہ ایک طیارہ بردار جہاز اور دوسرے جنگی جہازوں پر مبنی بیڑہ ہے۔امریکی پیسفک کمانڈ نے اس تعیناتی کو خطے میں تیار رہنے کی حکمت عملی قرار دیا ہے۔ یہ بیڑہ اب مغربی بحرالکاہل کی جانب گامزن ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے جوہری اسلحے کے خطرات سے نمٹنے کے لیے امریکہ تنہا ہی کارروائی کرنے کے لیے تیار ہے۔سیاسی ماہرین کے مطابق شمالی کوریا کے بڑھتے ہوئے جارحانہ اقدامات کے باعث امریکا نے یہ فیصلہ کیا ہے اور اس سے خطے میں مزید کشیدگی بڑھے گی ۔