امریکی باکسر مے ویدر نے آئرلینڈ کے مخالف باکسر کو شکست دے کر نہ صرف اپنے کیرئیر کی 50ویں فائٹ میں کامیابی حاصل کی بلکہ تاریخ کی مہنگی ترین فائٹ اپنے نام کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
لاس ویگاس کے ٹی موبائل ارینا میں ہونے والی فائٹ کے ابتدائی تین راؤنڈز میں آئرش باکسر کونر میگری کا پلڑا بھاری رہا لیکن دسویں راؤنڈ میں مے ویدر نے تیکنیکی بنیادوں پر میگری کو شکست دے دی۔ دسویں راؤنڈ میں آئرش باکسر میگری سنبھل نہ سکے جس کے بعد امپائرز نے انہیں مزید کھیلنے کے لئے ناقابل قرار دیتے ہوئے مے ویدے کی فتح کا اعلان کیا۔ مے ویدر اس سے قبل 2011 میں وکٹر اورٹز کو بھی ناک آؤٹ کرچکے ہیں جب کہ مے ویدر نے اپنی پچاسویں فائٹ جیتتے ہوئے روکی مارکیانو کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 1956 میں ناقابل شکست 49 مقابلے اپنے نام کئے تھے۔ مے ویدر کے مقابلے میں کئی نامور باکسر سامنے آئے لیکن انہیں شکست دینے میں ناکام رہے، ایسے باکسروں کی فہرست میں مینی پیکاؤ، کینلو ایلواریز، میگوئل کوٹو اور آسکر دی لا ہوا نمایاں ہیں۔