نیویارک: دنیا کی بڑی طیارہ ساز کمپنیوں میں سے ایک، امریکی طیارہ ساز کمپنی ’بوئنگ‘ نے ایران کو جہاز فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ بوئنگ کے ترجمان کے مطابق امریکی پابندیوں کے پیش نظر ایرانی ایئرلائنز کےساتھ کیے گئے طویل معاہدے ختم کیے جارہے ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بوئنگ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا اب ان کے پاس ایران کو جہاز فروخت کرنے کا لائسنس موجود نہیں چناچہ انہوں نے ایران کو کوئی طیارہ فراہم نہیں کیا، اور نہ ہی فراہم کرنے کا ارادہ ہے۔
انہں نے مزید کہا کہ ہم نے ایران کی جانب سے جہازوں کے آرڈرز کو اپنے آرڈرز کی فہرست میں شامل بھی نہیں کیا۔
واضح رہے بوئنگ کمپنی کی جانب سے سامنے آنے والا یہ اعلان گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 2015 کے جوہری معاہدے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے
مذکورہ معاہدے میں ایران اور امریکا کے ساتھ فرانس، جرمنی، برطانیہ، چین اور روس بھی شامل تھے، جس کے باعث ایران پر لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کردی گئی تھی۔
اس قبل بوئنگ کمپنی کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ وہ ایران کے حوالے سے امریکی پالیسی کا احترام کرتا ہے، اس کے ساتھ انہوں نے ایران کو طیاروں کی ترسیل کے بارے میں براہ راست کوئی بات کیے بغیرترسیل کی تاریخوں کو تبدیل کردیا تھا۔
خیال رہے کہ بوئنگ اور ایئر بس ان امریکی کمپنیوں میں شامل تھیں جنہوں نے ایران پر پابندیوں میں نرمی کے بعد، ایران سے تجارت کے لیے کڑی نگرانی کے تحت امریکی ٹریژیری لائسنس حاصل کیا تھا۔