اسلام آباد : دفترخارجہ نے شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے ہماری ملکی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے کےمطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے کی مذمت کی گئی ہے جب کہ دفترخارجہ نے ایک بار پھر ڈرون حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے پاکستان کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں جب کہ اس قسم کے واقعات مقامی افراد میں بداعتمادی بھی پیدا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں امریکی جاسوس طیارے نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے جب کہ اس سے قبل بھی شوال میں ڈرون حملے سے 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔