ٹوکیو: امریکی لڑاکا جٹ طیارہ جاپان کے ساحل پر گر کر تباہ ہوگیا تاہم پائلٹ نے بروقت طیارے سے چھلانگ لگا کر جان بچالی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی لڑاکا جٹ طیارے ایف 15 نے جاپان کے جزیرے اوکیناوا میں واقع کڈینا ایئر بیس سے پرواز بھری تھی کہ جنوبی جاپان کے ساحل کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ پائلٹ نے بروقت طیارے سے چھلانگ کر خود کو بچا لیا تاہم اس کوشش میں اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ حادثے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ امریکی حکام نے حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔جاپان کے وزیردفاع کا کہنا ہے کہ امریکی لڑاکا طیارے کے جنوبی ساحلی علاقے میں گر کر تباہ ہونے اور پائلٹ کے چھلانگ لگا کر زخمی ہونے کی اطلاع بعذریعہ وائرلیس موصول ہوئی تھی جس کے بعد جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن کر کے پائلٹ کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ جزیرے اوکیناوا میں واقع کڈینا ایئر بیس امریکا کا جاپان میں سب سے بڑا ایئر بیس ہے۔ جہاں 47 ہزار امریکی فوج اہلکار موجود ہیں۔ گزشتہ برس بھی ایک امریکی طیارہ اسکول میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ ایسے حادثات کے باعث مقامی آبادی اس ایئربیس کی منتقلی کا مطالبہ بھی کرتے رہے ہیں۔