نیو یارک: گوگنہم میوزیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شہرہ آفاق ولندیزی مصور ونسٹ وین گوخ کی پینٹنگ دینے سے انکار کرتے ہوئے سونے کا ٹوائلٹ دینے کی پیشکش کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے نیو یارک کے مشہور و معروف میوزیم گوگنہم سے درخواست کی تھی کہ انہیں ایوانِ صدر کے لئے شہرہ آفاق ولندیزی مصور ونسٹ وین گوخ کی پینٹنگ ادھار پر دی جائے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق میوزیم کی جانب سے وائٹ ہاؤس کی اس درخواست پر معذرت کرلی گئی ہے اور میوزیم کی منتظم نینسی سپیکٹر نے ای میل کے ذریعے کہا ہے کہ ہم وین گوخ کی لینڈ اسکیپ پینٹنگ وائٹ ہاؤس کے لئے ادھار نہیں دے سکتے کیوں کہ یہ پینٹنگ میوزیم کا حصہ ہے، جب کہ پینٹنگ تھانہوسر کی کلیکشن ہے جسے کسی بہت ہی خاص موقع کے بغیر میوزیم سے باہر لے جانے کی بھی اجازت نہیں۔ نینسی سپیکٹر نے وائٹ ہاؤس کو پیشکش کی ہے کہ ہم ایوانِ صدر کے لئے پینٹنگ کے متبادل کے طور پر 18 قیرات سونے سے بنا ٹوائلٹ دے سکتے ہیں۔ میوزیم کی منتظم نے یہ بھی کہا ہے کہ اٹلی کے آرٹسٹ ماؤ ریزو کیٹیلن کی جانب سے بنایا گیا سونے کا یہ ٹوائلٹ وائٹ ہاؤس کو طویل عرصے کے لئے ادھار پر دیا جاسکتا ہے۔