ممبئی (یس ڈیسک) ایک طرف جہاں امریکا کے صدر بارک اوباما بالی ووڈ سے متاثر نظر آئے اور اپنے حالیہ دورہ ہندوستان کے دوران انھوں نے ایک تقریب سے خطاب میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کو سراہتے ہوئے ان کی مشہور فلم کا ڈائیلاگ بھی دہرایا وہیں شاہ رخ خان بھی امریکی صدر کے حوالے سے کچھ ’’بڑے پلان‘‘ رکھتے ہیں۔
اوباما کی جانب سے اپنی تعریف کیے جانے کے بعد اظہارتشکر کے طور پر کنگ خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ’’ انھیں بارک اوباما کی جانب سے دی گئی رنگ و نسل اور مذہبی مساوات سے متعلق تقریر کا حصہ بننے پر فخر ہے‘ بدقسمتی سے بارک اوباما بھنگڑا نہیں کر سکتے لیکن اگلی مرتبہ ’’چھیاں چھیاں‘‘ پر ڈانس یقینی ہے‘‘۔
اپنے دورہ ہندوستان کے آخری روز نئی دہلی کے سری فورٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں امریکی صدر بارک اوباما نے یونیورسٹی کے طلباء اور سرگرم کارکنوں سے خطاب کے دوران بھی بالی ووڈ انداز اختیار کیا۔ اوباما نے اپنی تقریر کا آغاز ہندی الفاظ ’’نمستے اور دھنے واد‘‘ سے کیا جب کہ اپنے خطاب کے پہلے دو منٹ کے دوران انھوں نے شاہ رخ خان کی فلم ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ کا مشہور ڈائیلاگ ’’سینوریتا ! بڑے بڑے دیشوں میں۔‘‘ بھی دہرایا۔
اوباما نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان، معروف ایتھلیٹ ملکھا سنگھ اور میری کوم کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ ’’ہر ہندوستانی کو رنگ و نسل اور مذہب کے بجائے ان شخصیات کی کامیابی پر فخر کرنا چاہیے‘‘۔