پینسلوینیا سے تعلق رکھنے والی نوجوان خاتون نے سٹار بسٹ ٹافیوں کے ریپرز کو استعمال کرتے ہوئے انتہائی دلکش لباس تیار کیا۔
نیویارک: چاکلیٹ اور ٹافیوں کو دیکھتے ہی بچپن کی حسین یادیں دماغ میں سما جاتی ہیں اور زبان پر میٹھا ذائقہ محسوس ہونے لگتا ہے لیکن کیسا لگے اگر کسی شخص کو دیکھ کر آپ “میٹھے احساس” میں مبتلا ہوجائیں ۔ جی ہاں محبت کے جذبات کے سوا بھی ایسا ممکن ہے اور یہ کر دکھایا ہے امریکی خاتون ایملی سیل ہیمر نے جس نے 10 ہزار سے زائد ٹافیوں کے ریپرز سے خوبصورت لباس تیار کرلیا ہے۔
پینسلوینیا سے تعلق رکھنے والی اس نوجوان خاتون نے سٹار بسٹ ٹافیوں کے ریپرز کو استعمال کرتے ہوئے انتہائی دلکش لباس تیار کر کے زیب تن کیا جو نا صرف آرٹ کا ایک نمونہ ہے بلکہ دیکھنے میں بھی انتہائی بھلا لگتا ہے۔
ایملی کا کہنا ہے کہ میرے شوہر نے پہلی ملاقات کے موقع پر مجھے سٹاربسٹ ٹافیوں کا پیکٹ تحفے کے طور پر دیا تھا اور یہ حسین احساس آج تک میرے ساتھ ہے،انہی جذبات کو زندہ رکھنے کیلئے میں نے آرٹ کا یہ نمونہ تیار کیا لیکن پہلے پہل کوئی اندازہ نہیں تھا کہ ایسا لباس دیکھنے میں کتنا دلکش ہوگا اب جب بھی اسے زیب تن کر تی ہوں تو دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں ، لباس منفرد ہونے کیساتھ ساتھ بے انتہا خوبصورت بھی ہے۔