لاہور(ویب ڈیسک )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران بغیر سوچے بولتے ہیں پھر یوٹرن لیتے ہیں اور آخرکار اداروں کے پیچھے چھپ جاتے ہیں ‘بڑے بڑے دعوئوں اور وعدوں کے ساتھ آنے والی حکومت ایک سال میں ہی مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے اور اب عوام بھی اس حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں‘ایک سال میں یہ فیصلہ نہ ہوسکا کہ موجودہ حکومت سلیکٹڈ ہے یا الیکٹڈ‘حکومت برائے ریلیف نہیںبلکہ حکومت برائے ٹیکسز ہے‘وزیراعظم کے امریکی دورے کی کامیابی کا انحصار ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی پر ہے اگر وہ واپسی پر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ساتھ لے آئے تو میں ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کروں گا ۔ ٹرمپ سے ملاقات میں وزیراعظم کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کریں تاکہ کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھا جاسکے ۔