بولی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی فلمیں تو کروڑوں لوگوں کو پسند ہوتی ہیں، تاہم انہیں اپنی کون سی فلم زیادہ پسند ہے، یہ وہ سوال ہے جو ہر کوئی جاننا چاہتا ہے۔
عامر خان کی گزشتہ برس کے آخر میں ریلیز ہونے والی فلم ’دنگل‘ کی کامیابیوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور اس نے باکس آفس پر کئی نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔عامر خان کی دنگل وہ پہلی بھارتی فلم ہے جس نے حریف ملک چین میں بھی بھارتی ایک ہزار کروڑ روپے کا بزنس کیا، تاہم عامر خان کہتے ہیں انہیں فلموں کی کمائی سے کوئی غرض نہیں۔بھارتی خبر رساں ادارے ’آئی اے این ایس‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں مسٹر پرفیکٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے جتنی بھی فلموں میں کام کیا، وہ سب انہیں بہت پسند ہیں۔اس سوال کہ انہیں سب سے زیادہ کون سی فلم پسند ہے؟ کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے تمام فلمیں یکساں ہیں۔
مسٹر پرفیکٹ نے بتایا کہ کوئی ایسی فلم نہیں ہے، جو انہیں باقی دیگر فلموں سے زیادہ پسند ہو، انہیں دنگل زیادہ پسند ہے تو پی کے اس سے بھی زیادہ پسند ہے، اگر انہیں تارے زمین پر اچھی لگتی ہے، تو تھری ایڈیٹ اس سے بھی زیادہ اچھی لگتی ہے۔انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ ایکشن یا رومانس کی وجہ سے فلمیں ہٹ ہوتی ہیں۔
عامر خان نے مثال دی کہ دنگل ایک درمیانی عمر کے شخص اور ان کی ریسلر بیٹیوں کی خاندانی کہانی ہے، جس میں کوئی بھی رومانس نہیں، لیکن اس کے باجود وہ کئی ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوئی۔
انہوں نے اپنے آنے والی فلموں سے متعلق بتایا کہ وہ بھارت کے پہلے خلاباز راکیش شرما کی زندگی پر بننے والی فلم ’سلیوٹ‘ سمیت ’سیکریٹ سپراسٹار‘ جیسی فلموں پر کام کر رہے ہیں۔عامر خان کے مطابق ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی کہانی ایک 14 سالہ بچی کے ارد گرد گھومتی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ’ٹھگس آف ہندوستان‘ میں پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے پر زیادہ پرجوش ہیں، کیوں کہ وہ ان کے بہت بڑے مداح رہے ہیں، لیکن ان کے ساتھ کبھی کام کرنے کا موقع نہیں ملا۔