کراچی: تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین نے ایک ٹی وی گفتگو کے دوران کہا کہ تحریک انصاف میں طوفان اٹھ رہا ہے کسی کو اس کا اندازہ نہیں، کراچی کے بہت سے ایم این ایز کو پوچھا ہی نہیں جا رہا، پی ٹی آئی کے 14 ایم این اے حکومتی نشستوں پر،
نہ بیٹھنے کا سوچ رہے ہیں، اس میں کراچی ہی نہیں خیبر پختونخوا کے ایم این ایز بھی شامل ہیں لیکن عمران خان کسی سے مشورہ ہی نہیں کر رہے۔ عامر لیاقت کا کہنا تھا عمران خان بار بار بلانے پر بھی مزار قائد نہیں آ رہے، مجھے بھی نہیں بلایا جا رہا کیونکہ میں جمشید کوارٹرز جیسا مسئلہ اٹھا رہا ہوں اور مجھے کسی طرح سے نہیں لگ رہا کہ تحریک انصاف اس مسئلے کو حل کر نا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا جب ہیلی کاپٹر میں عشق اور محبت آ جائیں تو وہ پٹرول نہیں لیتا پھر وہ عشق کی اڑان سے چلتا ہے، ہیلی کاپٹر پرواز کی حقیقت کو گوگل پر پڑھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروٹوکو ل نہ لینے کی ساری باتیں جھوٹ ثابت ہو رہی ہیں ، کہا گیا تھا کہ گورنر ہاؤس میں اجلاس نہیں ہونگے جبکہ گورنرہاؤس اب بھی فعال اور وہاں اجلاس ہو رہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت نے مزید کہا عمران خان کے کہنے پر اسمبلی میں زرداری کے پاس گیا ، میں نے قدموں میں بیٹھ کر زرداری صاحب سے کہا کہ احتجاج نہ کریں، لیکن مجھے مسلسل نظر انداز کیا جار ہا ہے جس سے دکھی ہوں، این اے 245 پر عمران خان نہیں اپنے بل بوتے پر کامیابی حاصل کی۔