بولی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کی اپنی پوتی اور نواسی سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
اب یہ ان کی آنے والی فلم ‘پنک’ کا اثر ہے یا کچھ اور لیکن حال ہی میں امیتابھ نے اپنی 18 سالہ نواسی نیویا نویلی اور 4 سالہ پوتی آرادھیا کے نام ایک کھلا خط لکھا، جس میں وہ انھیں خواتین کو پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کرتے نظر آئے۔
امیتابھ نے لکھا:
میری پیاری نیویا اور آرداھیا،
‘آپ دونوں کے نازک کندھوں پر نہایت بھاری ذمہ دار عائد ہوتی ہے۔ آرادھیا، آپ کے کندھے پر آپ کے پر دادا ڈاکٹر ہری وانش رائے بچن اور نیویا آپ کے کندھے پر آپ کے پر دادا شری ایچ پی نندا کی قیمتی میراث سنبھالنے کی ذمہ داری ہے’۔
‘آپ دونوں کے نام کے ساتھ چاہے نندا لگے یا بچن، لیکن آپ ایک لڑکی، ایک عورت ہیں! اور چونکہ آپ خواتین ہیں، لہذا لوگ آپ پر اپنی سوچ، اپنی حدود تھوپنے کی کوشش کریں گے’۔
‘وہ آپ کو بتائیں گے کہ کس طرح کا لباس پہننا ہے، کس طرح کا برتاؤ کرنا ہے، آپ کو کس سے ملنا ہے اور آپ کو کہاں جانا ہے’۔
‘ان لوگوں کے نظریات، فیصلوں کے سائے میں زندگی مت گزارنا، اپنی عقل کے مطابق اپنا انتخاب خود کرنا، کسی کو اس بات کی اجازت مت دینا کہ وہ آپ کو یہ محسوس کرائیں کہ آپ کے اسکرٹ کی لمبائی، آپ کے کردار کی پیمائش ہے’۔