ممبئی : بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے کار حادثے میں زخمی ہونے کی خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرا کوئی ایکسیڈنٹ نہیں ہوا میں بالکل ٹھیک ہوں۔
بھارتی میڈیا میں چند روز سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ اداکارامیتابھ بچن کولکتہ سے ممبئی واپسی پرایئرپورٹ جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئے ۔ رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن گزشتہ ہفتے 23 ویں کولکتہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی غرض سے کولکتہ گئے تھے جہاں سے واپسی پران کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا جسکے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے ۔ امیتابھ بچن نے ان تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ میں میڈیا اوراپنے چاہنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ حادثے کی خبر بالکل بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ میرا کوئی ایکسیڈنٹ نہیں ہوا اورمیں بالکل ٹھیک ہوں۔