اسلام آباد(ایس ایم حسنین)افغان شہریوں کیلئے نئٰ ویزا سکیم کی منظوری دے دی گئی ہے۔ افغانستان کیلئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی کابینہ نے افغان شہریوں کے لئے نئی ویزا سکیم کی منظوری دے دی ۔ ان کا کہنا ہے کہ افغان سیاحوں کیلئے ویزا کے حصول میں آسانی اورایک سے زیادہ انٹری وزٹ ویزا اور طویل مدتی کاروبار ، سرمایہ کاری اور طلباکے ویزوں کا اجرا کیا جائیگا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیلتھ ویزوں کی ایک نئی قسم بھی متعارف کروائی گئی جو بارڈر پر جاری کیے جائینگے۔ وزیر اعظم عمران خان کے افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کہا کہ پاکستانی کابینہ نے منگل کے روز افغان شہریوں کے لئے طلباء اور تاجروں سمیت ایک نئی ہیلتھ ویزا پالیسی کی منظوری دے دی۔ محمد صادق نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کا سفارت خانہ اور قونصل خانے فوری طور پر ویزا جاری کرنا دوبارہ شروع کردیں گے۔ خبررساں ادارے کے مطابق نئی ویزا سکیم کا اعلان وزیر اعظم عمران خان کی افغانستان کی اعلیٰ قومی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات طے ہونے سے چند گھنٹے پہلے کیا گیا تھا۔