کراچی ……کراچی میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں مفرور ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔کیس کی مزید سماعت کے لیے 8 جنوری کی تاریخ مقرر کردی گئی،سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو سخت حفاظتی انتظامات میں انسداد دہشگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت اسپیشل پبلک پروسکیوٹر نثار درانی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ڈاکٹر عاصم کی جانب سے انور منصور خان ایڈووکیٹ نے بھی وکالت نامہ جمع کرایا۔اس موقع پر ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھاکہ انھیں علاج کے لیے طبی سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں، وہ جن ڈاکٹرز کو بلوانے کی استدعا کرتے ہیں انھیں بھی نہیں بلوایا جاتا۔دوران سماعت ڈاکٹر عاصم کے وکلا کو 17 گواہوں کے بیانات کی نقول فراہم کی گئیں جس پر وکلا نے آئندہ سماعت پر بیانات کی مکمل نقول فراہم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے نقول واپس کردیں۔عدالت نے کیس میں 5 مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔مفرور ملزمان میں وسیم اختر، قادر پٹیل، سلیم شہزاد، انیس قائمخانی اور دیگر شامل ہیں، ڈاکٹر عاصم پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کیے جانے کا بھی امکان ہے۔