اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ ایک آرمی چیف نے قائداعظم کا حکم ماننے سے بھی انکار کردیا تھا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ پاکستان کے دوسرے آرمی چیف جنرل سر ڈگلس ڈیوڈ گریسی نے قائداعظم کا حکم ماننے سے انکار کردیا تھا، تب سے یہ روایت چلی آرہی ہے کہ سویلین حکومت کی بات نہیں ماننی۔
کیپٹن صفدر نے کہا کہ دانیال عزیز کو تھپڑ مارنے کی شدید مذمت کرتا ہوں، نعیم الحق نے دانیال عزیز کو نہیں ایک رکن پارلیمنٹ کو تھپڑ مارا، یہی وہ کلچر ہے جو پی ٹی آئی نوجوانوں کو دے رہی ہے، عمران خان کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ کیپٹن صفدر نے کہا کہ ابھی تو آپ نے پختونخواہ میں حکومت بنائی ہے تو یہ حال ہے، خدانخواستہ آپ کے ہاتھ ماچس لگ گئی تو پھر کیا حال ہوگا۔
واضح رہے کہ جنرل سر ڈگلس ڈیوڈ گریسی پاک فوج کے دوسرے کمانڈر ان چیف تھے۔ قیام پاکستان کے بعد بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا تو قائد اعظم محمد علی جناح نے آرمی چیف جنرل گریسی کو کشمیر میں پاکستانی فوج اُتارنے کا حکم دیا جس کی تعمیل کرنے سے جنرل گریسی نے انکار کردیا تھا۔