روزانہ ایک گھنٹہ گاڑی ڈرائیو کرنے والوں کا وزن 15 منٹ سے کم گاڑی ڈرائیو کرنے والوں کی نسبت 2.3 کلو گرام زیادہ ہو جاتا ہے ۔
لاہور: (یس اُردو) آسٹریلین کیتھولک یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی تحقیق کے مطابق ایک گھنٹے سے زیادہ گاڑی چلانے والوں کی کمر کے گرد بھی ڈیڑھ سینٹی میٹر سے زائد خطرناک چربی جمع ہو جاتی ہے جس سے ان کی قبل از وقت موت کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔ ایسے افراد صحت کے تباہ کن مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں جن میں ذیابیطس اور دل کی بیماریاں سرفہرست ہیں ۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق طویل ڈرائیونگ سے خواتین کی نسبت مرد زیادہ متاثر ہوتے ہیں کیونکہ وہ خواتین کی نسبت کہیں زیادہ ڈرائیونگ کرتے ہیں۔ اس تحقیق کے لیے 2 ہزار 800 مرد و خواتین کی گاڑی چلانے کی عادات ، ان کے باڈی ماس انڈیکس، ان کی کمر کے قطر، پلازمہ گلوکوز اور ان میں شوگر اور دل کی بیماریوں کی علامات کا معائنہ اور تجزیہ کیا گیا ۔ محققین کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ان کی قبل از وقت موت سے ہمکنار کرنے والی بیماریوں سے بچنے کیلئے اپنی کار کے بجائے ، پیدل، سائیکل پر یا پھر پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنا چاہیے ۔