پاکستان کے دفاعی بجٹ میں رواں مالی سال کے مقابلے میں 79 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، اس کے باوجود دفاع کیلئے فنڈز بھارت سے چھ گنا کم ہیں۔
اسلام آباد: مسلح افواج کیلئے مالی سال دو ہزار سترہ اٹھارہ میں مختص فنڈز سوا نو ارب ڈالر کے برابر ہیں۔ بھارت نے دو ماہ پہلے دفاعی بجٹ بڑھا کر ساڑھے تریپن ارب ڈالر کر دیا تھا۔ روایتی حریف ملک اس میں سے بیس فیصد رقم روایتی ہتھیار خریدنے پر خرچ کرتا ہے جو پاکستان کے کل دفاعی بجٹ سے زیادہ ہے۔
پاکستان کا رواں مالی سال کا دفاعی بجٹ 860 ارب روپے تھا۔ آئندہ مالی سال کیلئے فنڈز رواں بجٹ سے 8.59 فیصد یعنی 79 ارب روپے زیادہ ہیں۔ اس میں سے آرمی کو 437 ارب روپے، فضائیہ کو 195 ارب اور بحریہ کو 98 ارب ستاسی کروڑ روپے ملیں گے۔ 188 ارب روپے انتظامی دفاعی امور پر خرچ ہوں گے۔