قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتار زیر علاج ملزم مفتی عبدالقوی کی آج ایک بار پھر انجیو گرافی کی جائے گی۔ مفتی عبدالقوی کا جسمانی ریمانڈ 23 اکتوبر تک تھا ۔ پولیس آج عدالت سے جسمانی ریمانڈ کے دن بڑھانے کی دوبارہ استدعا کرے گی۔
قندیل بلوچ قتل کیس کے نامزد گرفتار ملزم مفتی عبدالقوی ملتان کے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 5روز سے زیر علاج ہیں۔ گزشتہ ہونے والی انجیو گرافی رپورٹ میں اُن کے دل کی بائیں شریان بند ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔ ڈاکٹروں کی ٹیم آج ایک بار پھراُن کی انجیو گرافی کرے گی جس کے بعد شریان میں اسٹنٹ ڈالنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ڈاکٹروں کے مطابق مریض کی صحت یابی تک پولیس کو جسمانی ریمانڈ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ واضح رہے کہ مفتی عبدالقوی کا جسمانی ریمانڈ آج ختم ہو رہا ہے جس کے بعد پولیس عدالت سے اُن کے جسمانی ریمانڈ کے دن بڑھانے کی استدعا کرے گی۔