بالی و وڈ کے معروف اداکار انیل کپور کا کہنا ہے ہندوستان اور پاکستان کو مشترکہ پروڈکشنز کرنی چاہئیں اور سنسر بورڈ کو بھی آزاد خیال ہونا چاہیے۔
ممبئی: (یس اُردو) بالی و وڈ کے معروف اداکار انیل کپور کا کہنا ہے کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور وہ بے صبری سے پاکستان آنا چاہتے ہیں۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا انہیں بے حد خوشی ہوتی ہے جب یہ معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان میں لوگ ان کے کام اور فلموں کو پسند کرتے ہیں۔ انیل کپور نے پاکستان آنے کی جستجو ظاہر کرتے ہوئے کہا میں ہمیشہ سے پاکستان آنا چاہتا ہوں اور اگر مجھے وہاں بلایا جائے گا تو میں ضرور آؤں گا۔ انیل کپور کا دونوں ممالک کی فلم پروڈکشن کمپنیز کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کو مشترکہ پروڈکشنز کرنی چاہئیں اور سنسر بورڈ کو بھی آزاد خیال ہونا چاہیے ۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ میں اپنی کامیاب فلموں سے جگہ بنانے والے انیل کپور ہالی و وڈ میں بھی کام کرچکے ہیں اور اب وہ پاکستان میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔