اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم نےکہاہے کہ سول قوانین میں تبدیلیاں کسی کے خلاف نہیں، سوموٹو ایکشن سے متعلق قانون سازی پرکام ہورہا ہے، ایم ایل اے کا قانون مکمل کرلیا ، سول ریفارمز کا ڈرافٹ جلد تیارکرلیاجائے گا، نیب کو مضبوط بنانے کے لئے قانون میں ترمیم کی
ضرورت ہے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے پریس کانفرنس کرتےہوئےکہا کہ سول ریفارمز سے متعلق ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ہوا جس میں سول کیسز کو جلد نمٹانے سے متعلق تجاویز تیار کی گئیں، انہوں نے کہاکہ دیوانی کیسوں کی نگرانی کیلئے تین مراحل پرمشتمل طریقہ کارکوجلدازجلد متعارف کرایا جائیگا، پہلے مرحلے میں بنیادی اوراہم کیسوں کو سنا جائیگا، دوسرے مرحلے میں حکم امتناعی اورتولیت سے متعلق امورکا جائزہ لیاجائیگا اورتیسرے وحتمی مرحلے میں شہادتیں ریکارڈ کی جائیگی۔وفاقی وزیرنے کہاکہ شہادتوں کے حصول کیلئے معروف اوراچھی ساکھ کے حامل وکلاءپرمشتمل پینل تشکیل دیاجائیگا، اس ضمن میں ہمیں ملک بھرسے وکلاءکی معاونت درکارہوں گی۔ 90دن کے اندر دیوانی مقدمات کا فیصلہ کیا جا ئیگا۔ سول قوانین میں تبدیلیاں کسی کے خلاف نہیں۔ باہر سے پیسے لانے کےلئے باقاعدہ ٹاسک فورس بنی ہے،سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس پر سوالات پوچھے گئے تو انہوں نے جواب دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ میرا موقف واضح ہے مجھ سے پرویز مشرف سے متعلق سوال نہ کریں۔