امریکی ریاست مینسوٹا میں پولیس اہلکار نے ایک اور سیاہ فام شخص کو ہلاک کر دیا ہے۔ ادھر ریاست لوزيانا میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ایک سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد مظاہرے جاری ہیں۔
واشنگٹن: (یس اُردو) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ پولیس کی جانب سے سیاہ فام شخص کو مارنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔ ریاست مینسوٹا میں سیاہ فام شخص کو اُس وقت گولی مار کر ہلاک کیا گیا جب وہ گاڑی سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس نکال رہا تھا۔ پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے سیاہ فام شخص کی دوست نے تمام واقعے کی ویڈیو بنا کر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کر دی۔ دوسری جانب امریکی ریاست لوزيانا میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ایک سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد ہونے والے مظاہرے جاری ہیں۔ سیاہ فام شخص ایلٹن سٹرلنگ کی ہلاکت کے بعد احتجاجاً سینکڑوں افراد، دوست اور اُن کے رشتہ دار جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ بیٹن روگ میں سینکڑوں افراد دوسری رات بھی اُس مقام پر جمع ہوئے جہاں پولیس نے سیاہ فام شخص کو سڑک پر گرا کر گولی ماری دی تھی۔ مظاہرین حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں اور انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔