پاکستان کو خو شخبری ملتے ملتے رہ گئی، ایشیائی ترقیاتی بینک قرضہ دینے کیلئے آمادہ تو ہوگیا لیکن ساتھ ہی کنٹری ہیڈ وضاحت کرکے حکومت کی امیدوں پرپانی پھیر دیا۔ پاکستان میں ایشیائی بینک کے کنٹری ہیڈ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے ساتھ 3.4 ارب ڈالر قرض دینے کا معاملہ ابھی طے نہیں پایا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے یہ وضاحت اتوار کے روز 2 وفاقی وزرا کے اس دعوے کے بعد جاری کی گئی کہ اے ڈی بی پاکستان کو 3.4 ارب ڈالر کا قرضہ دے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر شیو ہانگ یانگ نے ایک بیان میں کہا کہ ابھی مذاکرات جاری ہیں، قرض کا حجم اور دیگر تفصیلات بینک کی انتظامیہ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے مشروط ہیں۔ بجٹ سپورٹ پروگرام پر حکومت پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور بینک غیرملکی قرضوں اور توازن ادائیگی بہتر کرنے کے ضمن میں حکومت کی مدد کرسکتاہے۔ تاہم اے ڈی بی کے پاکستان میں واقع دفتر نے بجٹ سپورٹ کے لیے 3.4 ارب ڈالر قرض دینے کا دعویٰ مسترد کردیا۔ یاد رہے 2 روز قبل وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی خسروبختیار نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستاناور اے ڈی بی کے درمیان 3.4 ارب ڈالر قرض کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا تھا کہ اس سلسلے میں وزارت خزانہ نے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کردیا ہے۔