اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو 200 ارب ڈالرز ملنے کا امکان پیدا ہوگیا، سوئزرلینڈ کے قوانین میں تبدیلی کے باعث سوئس بینکوں میں پڑے اربوں ڈالرز پاکستان کو ملنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان
کے معاون خصوصی برائے احتساب امور شہزاد اکبر نے بتایا ہے کہ سوئس بینکوں میں موجود پاکستانیوں کے اربوں ڈالرز کی واپسی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب امور شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ سوئس حکومت نے سوئس بینکوں میں پڑے پیسوں سے متعلق معلومات کی رسائی کے حوالے سے قوانین میں نرمی کی ہے۔ اب کوئی بھی ملک سوئس بینکوں میں اس کے شہریوں کے پیسے سے متعلق معلومات حاصل کر سکتا ہے۔شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ اسی باعث کسی حد تک امکان ہے کہ اگر پاکستان سوئس حکومت کو ٹھوس شواہد فراہم کر دے کہ
سوئس بینکوں میں پڑے اربوں ڈالرز کرپشن کا پیسہ، تو پھر پاکستان کو اس پیسے تک رسائی مل سکتی ہے۔واضح رہے کہ ماضی میں مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت بھی سوئس بینکوں میں پڑے 200 ارب ڈالرز کو واپس لانے کا دعویٰ کرتی تھی، تاہم بعد ازاں لیگی حکومت نے اس معاملے سے اپنا ہاتھ کھینچ لیا تھا۔ یہ مسلم لیگ ن کی حکومت ہی تھی جس کے وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا تھا کہ سوئس بینکوں میں پاکستانیوں کا 200 ارب ڈالرز پڑا ہے، تاہم اس حوالے سے ان کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔