ممبئی: بالی ووڈ کی نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا کو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ایک اور بڑے اعزاز سے نوازا جائے گا۔
دنیا بھرمیں اپنی اداکاری اور خوبصورتی کے باعث شہرت حاصل کرنے والی بالی ووڈ کی نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا اداکاری کے ساتھ فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہیں، اداکارہ ہونے کے ساتھ وہ عالمی ادارے یونیسیف کی سفیر بھی ہیں اسی سلسلے میں انہوں نے حال ہی میں یونیسیف کی جانب سے جنوبی افریقہ میں منعقد ایک ایونٹ میں شرکت کی تھی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پریانکا رواں برس 6 ستمبر کو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایونٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی، جہاں انہیں عالمی ادارے یونیسیف کیلئے بطورسفیر سمیت پریانکا چوپڑا فاؤنڈیشن کے ذریعے صحت اور تعلیم کے میدان میں بہترین خدمات انجام دینے کیلئے اعزازسے نوازا جائے گا۔ دوسری جانب اس فیسٹیول میں ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ پروگرامزکے ذریعے ان خواتین کیلئے فنڈز جمع کیے جائیں گے جو کیمرے کے پیچھے اپنی خدمات انجام دیتی ہیں۔
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا نے حال ہی میں ہالی ووڈ فلم ’’بے واچ‘‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، فلم باکس آفس پرتو خاص کامیابی حاصل نہ کرسکی لیکن پریانکا کیلئے ہالی ووڈ کے دروازے کھل گئے ہیں۔