کراچی: دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کیلئے بنائی جانے والی فلم میں سوہائے ابڑو، سلمان احمد، رضیہ ملک، طیب افضل اور ایمان فاطمہ کاسٹ میں شامل ہیں
آسکر ایوارڈ 2017 کی ریس میں ایک اور پاکستانی فلم مائی پیور لینڈ بھی شامل ہوگئی۔ فلم برطانوی نژاد پاکستانی فلم میکر سرمد مسعود کی سندھ میں نازو دھاریجو کیساتھ پیش آنیوالے سچے واقعے پر بنائی گئی ہے جس میں ایک کسان کی بیٹیاں اپنے باپ کی زمین کو بچانے کیلئے بااثر وڈیرے سے نبردآزما ہوکرکامیاب ہوتی ہیں۔ اردو زبان میں بننے والی فلم کی تمام تر عکسبندی پاکستان میں کی گئی ہے ۔برطانوی نژاد پاکستانی کی اس کاوش کو برطانوی اکیڈمی ایوارڈ سلیکشن کمیٹی نے غیرملکی زبان کے شعبے میں 90 ویں آسکر ایوارڈ کیلئے بھیج دیا ہے ۔ فلم کے قابل ذکر فنکاروں میں سوہائے ابڑو، سلمان احمد خان، رضیہ ملک، طیب افضل اور ایمان فاطمہ کے نام شامل ہیں۔ واضح رہے غیر ملکی دستاویزی فیچر فلموں کے شعبے میں پاکستانیوں کی تین فلمیں شامل ہوچکی ہیں جن میں پاکستان سے ساون، امریکہ سے ہدایتکار نور نغمی کی اینجل ودھ ان اور برطانیہ سے ہدایتکار سرمد مسعودکی فلم مائی پیور لینڈ شامل ہیں۔