لاہور (نیوز ڈیسک) پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں خواجہ برادران پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پیرا گون ہاؤسنگ سکینڈل میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ خواجہ برادران نے صحت جرم کرنے سے انکار کیا ہے۔ ملزمان کو ریکارڈ کی کاپیاں فراہم کی گئی ہیں۔دوران سماعت احتساب عدالت نے کہا کہ ہم آپ پر فرد جرم عائد کر رہے ہیں۔آپ اس پر دستخط کریں گے یا نہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میرے وکیل ساتھ والی عدالت میں ہیں کچھ دیر انتظار کریں۔خیال رہے احتساب عدالت نے پیراگون اسکینڈل کیس میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روز کی توسیع کی تھی جبکہ غیر واضح دستاویزات کی وجہ سے ملزمان پر فرد جرم عائد نہ کی جاسکی تھی۔پیراگون اسکینڈل کیس میں گرفتار خواجہ سعد رفیق،سلمان رفیق کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت پیش کیا گیا،جہاں فرد جرم عائد کرنے کے لئے ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کی گئیں۔اس موقع پر خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ مقدمہ کا تفتیشی افسر غیر حاضر ہے اور ریفرنس کی غیر واضح دستاویزات کی وجہ سے ملزمان پر فرد جرم عائد نہ کی جائے،جس پر عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں4ستمبر تک توسیع کی تھی،عدالت نے اپنے ہدایت نامے میں کہا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم بھی عائد کی جائے ۔جس کے بعد آج احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔اس سے قبل خواجہ برادران پر فرد جرم عائد کرنے کیلئی8اگست کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔۔لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائیٹی میں بے ضابطگیوں کے الزام میں خواجہ برادران پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 8اگست کی تاریخ دی تھی۔