کراچی: ایم کیو ایم پاکستان رکنِ سندھ اسمبلی ندیم رازی نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرلی۔
پاک سرزمین پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور وکٹ گرادی ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی ندیم رازی نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرلی، ندیم رازی پی ایس 121 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ندیم بھائی کو پاک سرزمین پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں، ہمارے پاس اب تک لوگوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے، ہم آج بھی وہی بات کررہے ہیں جو پہلے دن کی تھی جب کہ لوگ ہماری سچائی کی وجہ سے پارٹی میں شامل ہوتے جارہے ہیں۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں سے 44 افراد کراچی میں جانوں سے گئے جب کہ ابھی تک قربانی کی آلائشیں پڑی ہیں، کب اٹھائی جائیں گی۔