کراچی: ملک میں ایک اور مصنوعی دل لگانے کا کامیاب آپریشن کرلیا گیا۔ قومی ادارہ امراض قلب میں کیا جانے والا یہ تیسرا کامیاب آپریشن ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں مکینکل ہارٹ کی ایک اور کامیاب سرجری کرلی گئی۔ این آئی سی وی ڈی میں ایل وی اے ڈیوائس لگانے کا یہ تیسرا کامیاب آپریشن ہے۔
ڈاکٹر پرویز خان کا کہنا ہے کہ 58 سال کے بنارس خان کو مکینکل ہارٹ لگایا گیا، مریض صحتیابی کی طرف گامزن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک مکینکل ہارٹ کی یہ تیسری کامیاب سرجری ہے۔ آپریشن کے بعد بنارس خان کو آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں مصنوعی دل لگانے کا پہلا کامیاب آپریشن9 جولائی کو کیا گیا تھا۔
ٹرانسپلانٹیشن ٹیم کی سربراہی ڈاکٹر پرویز چوہدری کر رہے تھے جبکہ ٹیم میں امریکی ڈاکٹرز بھی شامل تھے۔
ڈاکٹرز کے مطابق مریضہ نفیسہ احمد کا دل صرف 15 فیصد کام کر رہا تھا جس کے بعد انہیں مصنوعی دل لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔