اسلام آباد: عمران خان کی جانب سے جمع کرائی گئی اضافی دستاویزات من گھڑت ہیں، انہیں تسلیم نہ کیا جائے: درخواست میں موقف
عائشہ گلالئی کی جانب سے عمران خان کے ریفرنس پر جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ عائشہ گلالئی نے موقف اختیار کیا ہے کہ وزیر اعظم کے لیے پی ٹی آئی کا امیدوار کون تھا مجھے آگاہ ہی نہیں کیا گیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4رکنی الیکشن کمیشن نے عمران خان کے عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس پر سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل سکندر مہمند الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
عائشہ گلالئی کے وکیل بیرسٹر مسرور الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے، عائشہ گلالئی کی جانب سے عمران خان کے اضافی دستاویزات پر جواب جمع کرایا گیا۔ جواب میں بتایا گیا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو بھیجے گئے ریفرنس میں نہ شوکاز نوٹس جمع کروایا گیا نہ دیگر دستاویزات، اب جمع کروائی گئی اضافی دستاویزات کو تسلیم نہ کیا جائے۔ عائشہ گلالئی نے موقف اپنایا کہ جمع کروائی گئی اضافی دستاویزات من گھرٹ ہیں، انتیس جولائی کو بنی گالہ اجلاس سے متعلق مجھے آگاہ نہیں کیا گیا، پارٹی اجلاس میں پہنچی تو کارروائی ختم ہو چکی تھی۔
عائشہ گلالئی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے انتخاب میں پارٹی امیدوار سے متعلق مجھے کسی نے آگاہ نہیں کیا تھا، عمران خان کی جانب سے دائر 18 اور 22 ستمبر کی درخواستوں کو مسترد کیا جائے۔ عائشہ گلالئی کے وکیل بیرسٹر مسرور کے ایسوسی ایٹ وکیل نے دلائل کے لئے وقت مانگ لیا۔ الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس پر سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کردی۔