اسلام آباد: (یس اردو نیوز)وفاقی وزیر داخلہ چودہدری نثار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی کے معاملے پر حکومت برطانیہ کا جواب حوصلہ افزا ہے اور امید ہے کہ اس معاملے پر آئندہ چند دنوں میں مزید پیش رفت ہوگی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد سے برطانوی ہاؤس آف لارڈ کے سابق رکن نذیراحمد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے معاملے پر حکومت برطانیہ کا جواب حوصلہ افزا ہے اور امید ہے کہ اس معاملے پر آئندہ چند دنوں میں مزید پیش رفت ہوگی۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں عوام پر بہیمانہ ریاستی جبر کرکے کشمیریوں کی حق خوداردیت کی جدجہد دبانے کی ناکام کوشش کررہا ہے اور پاکستان کے ساتھ کشیدگی پیدا کرکے عالمی دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے۔ چوہدری نثار کاکہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی صورت اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور نا ہی پاکستان کی کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت سے روکا جاسکتاہے۔