لاہور (یس ڈیسک) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز، ہیلتھ منیجرز، نرسز اور ویکسینیٹرز سے کہا کہ 26 جنوری سے صوبہ میں شروع ہونے والی 12 روزہ انسداد خسرہ مہم کو پاکستان کے بچوں کے مستقبل کی جنگ سمجھ کر قومی جذبہ کے ساتھ چلائیں، انہوں نے یہ بات ایوان اقبال میں صوبائی انسداد خسرہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے اسلاف نے لاکھوں قربانیاں دیں اور اس ملک کے حصول کے وقت جو وعدے کئے گئے وہ پورے نہیں ہو سکے۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہمیں پولیو اور خسرہ کے خلاف مہم میں قومی جذبہ کے ساتھ حصہ لینا چاہیے۔ سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے کہا کہ ہیلتھ منیجرز اور ہیلتھ ورکرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد خسرہ مہم کے لئے 16 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ہر ٹیم کو ویکسین کے ساتھ ری ایکشن روکنے والی ادویات دی گئی ہیں۔