آسٹریلیا کے سابق لیگ سپنر شین وارن نے کہا ہے کہ سعید انور پاکستان کے بہترین بلے باز تھے۔
مانچسٹر: (یس اُردو) آسٹریلیا کے سابق لیگ سپنر شین وارن نے سعید انور کو اپنے دور کا بہترین پاکستانی بلے باز قرار دیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کمنٹری بکس میں تبصرہ کرتے ہوئے وارن سے جب ان کے دور کے تمام ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کے بہترین بلے بازوں کے بارے میں پوچھا گیا جن کا سامنا ٹیسٹ میچ میں شین وارن سے ہوا تھا تو جواب میں شین وارن نے پاکستانی بلے بازوں میں سابق اوپننگ بیٹسمین سعید انور کا انتخاب کیا۔واضح رہے کہ سعید انور نے 55 ٹیسٹ اور 247 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ سعید انور نے بھارت کیخلاف ون ڈے میچ میں 194 رنز کا ریکارڈ بنایا تھا جسے برسوں کوئی نہ توڑ سکا۔ تاہم اب بھارت کے بلے باز روہت شرما 264 رنز بنا کر ون ڈے میچوں کا سب سے بڑا سکور بنا چکے ہیں۔ سعید انور نے ٹیسٹ میچوں میں 45.52 کی اوسط سے بلے بازی کی جبکہ ون ڈے میچوں میں ان کی اوسط 39.21 رہی۔ آسٹریلیا کے سابق باؤلر شین وارن کے مدمقابل سعید انور نے 6 میچ کھیلے جن میں 56.33 کی اوسط سے بلے بازی کے جوہر دکھائے۔ شین وارن نے بھارت سے اپنے پسندیدہ بلے بازوں میں سچن ٹنڈولکر جبکہ ویسٹ انڈیز سے برائن لارا کا نام لیا۔