کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے لیکن پاکستان ٹیم سکاٹ لینڈ سے جیت کر ہی آئے گی۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم بہتری کی جانب گامزن ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ 20 سالہ کیریئر میں انہوں نے بہت عزت پائی، کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنا کچھ مل جائے گا، جتنا کھیلا عزت ملی، زندگی میں کوئی بھی کمی نہیں ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ کل جبکہ دوسرا میچ 13 جون کو کھیلا جائے گا۔سکاٹ لینڈ نے گزشتہ روز انگلینڈ کو ایک روزہ میچ میں 6 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی مشکل فارمیٹ ہے ،سکاٹ لینڈ کو آسان حریف نہیں سمجھ رہے ہیں۔پریس کانفرنس میں گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ سکاٹ لینڈ کا انگلینڈ کو ہرانا بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ایک مشکل فارمیٹ ہے ، محمد عامر مکمل فٹ ہیں اور میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی کل ایڈنبرا میں کھیلا جائے گا ،آج بارش کے باعث گرین شرٹس کو ٹریننگ کا پہلا سیشن وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سرفراز الیون سکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کےلئے ابھی وارم اپ ہی کررہی تھی کہ بارش ہوگئی ،جس کے باعث کھلاڑی فیلڈنگ اور نیٹ پریکٹس نہ کرسکے اور کچھ دیر انتظار کے بعدتربیتی سیشن ختم کردیا۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کا میلہ سج گیا ہے اور روس میں ہونے والے اس میگا ایونٹ کے میچز شروع ہو گئے ہیں ۔دنیا کے سب سے بڑے سپورٹس ایونٹ کے آتے ہی پوری دنیا کو فٹ بال کا بخار چڑھ گیا ہے اور ہر کسی کی زبان پر اس کی پسندیدہ ٹیم اور پسندیدہ کھلاڑی کی تعرفیں ہیں ۔معروف پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی بھی اس بخار میں مبتلا دکھائی دیتے ہیں اور وہ جرمنی کو سپورٹ کر رہے ہیں ۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فٹبال مجھے بہت پسند ہے، شروع سے ہی میری فیورٹ ٹیم جرمنی ہے، اس مرتبہ بھی جرمنی کو سپورٹ کروں گا، الوداعی میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیل سکا لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری میچ میں عالمی الیون کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز رہا۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اب زندگی میں کوئی حسرت نہیں، جو چاہا ملا، اب اپنے فلاحی مقاصد پر توجہ ہے۔ پاکستان ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم بہتری کی طرف جا رہی ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا ہے، ان مقابلوں کوئی بھی ٹیم کچھ بھی کرسکتی ہے۔