لاہور: اداکارہ و ماڈل میبل خان نے کہاہے کہ سنجیدہ اورمزاحیہ کے علاوہ بھی ہرطرح کے کردار کرنا چاہتی ہوں بطورفنکارہ خود کوصرف ہیروئن تک محدود نہیں رکھنا چاہتی میری خواہش ہے کہ لوگ مجھے بہترین اداکارہ کے طورپرجانیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میبل خان نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ ایک فنکار کو ہر قسم کے رول کے لیے خود کو تیار رکھنا چاہیے کیونکہ اس کی اصل شناخت انہی کرداروں سے ہی بنتی ہے۔ شروع سے ہی میری ترجیح سلور اسکرین ہی رہی ہے، پاکستان میں اچھی فلمیں بننے لگی ہیں،جس کے باعث پڑھے لکھے اور باصلاحیت لوگ اس کا حصہ بن رہے ہیں۔ باکس آفس پر بدلتی ترجیحات کو بھی وہ اچھی طرح سمجھتے ہوئے فلمیں بنانے کی ضرورت ہے۔
دنیابھرمیں فلم اور ٹی وی کے ذریعے اپنا سوٖفٹ امیج اور اپنی ثقافت کوپروموٹ کرنے کا سلسلہ نیا نہیں بلکہ بہت پرانا ہے۔ ہمیں بھی ان پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر موضوع پر فلم بنانی چاہیے، فی الحال کامیڈی اور میوزیکل فلموں کی ضرورت ہے تاکہ فلم بین انٹرٹین ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا ملک اس لحاظ سے خوش قسمت ہے کہ شوبز، سپورٹس سمیت ہر شعبے میں بے شمار ٹیلنٹ ہے، لیکن ان کو تراش خراش کر سامنے لانے کی ضرورت ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہمارے فنکار اور گلوکار ہمسایہ ملک بھارت میں بے حد مقبول ہیں، ان کی یہی مقبولیت انتہا پسند ہندوتنظیموں کوبرداشت نہیں ہے۔ میبل خان نے کہا کہ ہمارے فلم اور ٹی وی میکرز کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے مسائل کے ساتھ دنیا کو بتائیں کہ ہم پرامن قوم ہیں۔ ہمیں سوسائٹی میں پائی جانے والی خامیوں کو سامنے لانے والے پروڈیوسرز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ نئی فلم میں چیلجنگ رول کر رہی ہوں جو میرے فلمی کیرئیر کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔