آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے ایک چینل پر صحافیوں ،اشاعتی اداروں اور نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے خلاف بے بنیاد الزامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اے پی این ایس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک چینل پر تسلسل کے ساتھ نفرت کے پرچار پر تشویش ہے جہاں بے ہودہ زبان اور نفرت پر مبنی تقریر تمام اخلاقی حدود و اقدار پار کر چکی ہے ۔نفرت آمیز تقریر میڈیا سے وابستہ شخصیات پر اسلام اور پاکستان مخالف کالیبل لگا کر تشدد پر اکساتی ہے، اس سے میڈیا کے ساتھ وابستہ شخصیات کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ذاتی مقاصد کے لیے آزادی اظہار کے غلط استعمال سے میڈیا انڈسٹری کی آزادی کو نقصان پہنچ سکتا ہے، میڈیا انڈسٹری معروف میڈیا شخصیات کو بدنام کرنے کے ذاتی ایجنڈے کے لیے کسی کو استعمال نہ ہو نے دے۔اعلامیے میں بعض پروگراموں پر پابندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور پیمرا سے کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا پر نفرت آمیز پروگرام نشر ہونے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔